بنیادی صفحہ / سعودی عرب / آج کے کالمز / پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا کے ریکارڈ کیسز، مزید 57 اموات بھی رپورٹ

پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا کے ریکارڈ کیسز، مزید 57 اموات بھی رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 57 افراد انتقال کر گئے اور 4767 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جو 9 ماہ بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45656 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4767 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 57 ہلاکتیں ہوئیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز گزشتہ سال کورونا کی پہلی لہر میں 21 جون کے بعد سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

گزشتہ سال 21 جون کو کورونا کی پہلی لہر کے دوران ایک دن میں کورونا کے 4951 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4767 کیسز سامنے آئے جو 9 ماہ کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 4 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14158 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 54591 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 44447 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2647 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 95929 ہو گئی ہے۔

صوبوں کی صورت حال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 264607 ہوگئی ہے جب کہ 4491 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 212918 ہے اور 6229 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19497 اور ہلاکتیں 206 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 84609 اور 2283 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 12367 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 344 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4999 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 55594 ہے اور اب تک 559 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*