بنیادی صفحہ / سعودی عرب / آج کے کالمز / لائیو: سینیٹ الیکشن، قومی اسمبلی کے 341 میں سے 340 ووٹ ڈل گئے

لائیو: سینیٹ الیکشن، قومی اسمبلی کے 341 میں سے 340 ووٹ ڈل گئے

سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن کے لیے صبح 9 بجے سے پولنگ جاری ہے جو 5 بجے ختم ہوگی۔

سینیٹ کے انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہورہی ہے جو 5 بجے ختم ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت کئی اہم رہنما اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں جب کہ دیگر جماعتوں کے اراکین بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اسمبلی آئے۔

قومی اسمبلی کے 342 کے ایوان میں ایک نشست خالی ہونے کےباعث 341 ووٹ ڈالے جانے تھے لیکن ابھی 340 اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے اور ایک ممبر قومی اسمبلی نے اب تک ووٹ نہیں ڈالا۔

جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی تاحال ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے اور اس حوالے سے جماعت اسلامی کا مؤقف سامنے آچکا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے اسٹاف نے اسمبلیوں کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے، قومی اسمبلی کے عملے کا ایوان میں داخلہ بند ہےاور ہال میں الیکشن کمیشن کا عملہ یا ارکان ووٹر کو داخلے کی اجازت ہے جب کہ میڈیا کے بھی پریس گیلری میں فون لے جانے پر پابندی عائد ہے۔

پولنگ کے آغاز پر قومی اسمبلی میں ریٹرننگ افسر نے ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق اعلان کیا اور  ووٹ مسترد تصور ہونے سے متعلق بھی بتا دیا۔

ریٹرننگ افسر ظفر اقبال نے کہا کہ خفیہ ووٹنگ کے ذریعے انتخاب ہو رہا ہے ، کوئی بھی شخص ووٹ پر نشان درج نہ کرے ورنہ ووٹ مسترد ہو جائے گا جب کہ دو لوگوں کو پہلی ترجیح دینے پر بھی ووٹ مسترد ہو جائے گا۔

قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ میاں شفیق نے ڈالا

سینیٹ کے الیکشن کے لیے قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں اور دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا۔

سندھ، بلوچستان اور کے پی میں بھی ووٹنگ

سندھ اسمبلی میں بھی سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے جہاں سب سے پہلا ووٹ میر شبیر بجارانی نے کاسٹ کیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پہلا ووٹ جے یو آئی (ف) کے رکن ہدایت الرحمان نے کاسٹ کیا۔

بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے پہلا ووٹ صوبائی وزیر آبپاشی نوابزادہ طارق مگسی نے کاسٹ کیا۔

پنجاب میں تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب

پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آبادکی 2، خیبر پختونخوا کی 12، سندھ کی 11 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔

صوبوں کی نشستوں پر اراکین صوبائی اسمبلی اور اسلام آبادکی 2 نشستوں پر اراکین قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔

 مجموعی طورپر جنرل نشستوں پر 39 امیدوار ،خواتین نشستوں پر 18، ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 13اور اقلیتوں کی نشستوں پر8 امیدوار میدان میں ہیں۔

سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہےجہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

حکومتی اتحاد کے پاس 181 جب کہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں ہیں۔

الیکشن کمیشن کا ہدایت نامہ

الیکشن کمیشن کی جانب سے  ارکان قومی اسمبلی کے لیے ہدایت نامہ لگایا گیا ہے جس میں  کسی کو بھی پولنگ اسٹیشن میں موبائل یا کیمرا لے جانے سے منع کیا گیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ پابندی کا اطلاق ووٹر، امیدوار اور پولنگ ایجنٹ سمیت سب پر ہوگا۔

ہدایت نامے میں بتایا گیا ہےکہ ارکان کو بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے لیے اسمبلی سے جاری شدہ کارڈ دکھانا ہوگا، عام نشست کیلیے بیلٹ پیپر سفید اور  خواتین کی نشست کے لیے گلابی بیلٹ پیپر جاری ہوگا۔

ہدایت نامے کے مطابق بیلٹ پیپر پر ووٹر کی شناخت کا نشان لگنے پر ووٹ مسترد تصور ہوگا۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*