بنیادی صفحہ / پاکستان / ملک میں کورونا سے آج مزید 4 اموات، ہلاکتیں 100 ہوگئیں، مجموعی کیسز 5830 تک جا پہنچے

ملک میں کورونا سے آج مزید 4 اموات، ہلاکتیں 100 ہوگئیں، مجموعی کیسز 5830 تک جا پہنچے

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 4 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5830 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 100 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں سندھ اور خیبرپختونخوا میں 35، 35 ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب میں 24، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز منگل ملک میں کورونا کے مزید  287 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔

آج سندھ میں 66 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب سے 200 ، بلوچستان سے 17 ، آزاد کشمیر سے 3 اور گلگت بلتستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 66 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  کیسز کی مجموعی تعداد 1518 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کےمطابق آج مزید 8 افراد صحتیاب ہوکر گھروں پر چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 427 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا کےمزید 200 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 170 کیسز کی تصدیق رات گئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بذریعہ ٹوئٹ کی  جب کہ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے مزید 30 کیسز کی تصدیق کی۔

صوبے میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 2856 ہوگئی ہے جب کہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 992 تبلیغی ارکان، 1074 عام شہری  اور 89 قیدی کورونا میں مبتلا ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 508 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں ہونے والی 24 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 11، راولپنڈی 6، رحیم یار خان 2، ملتان، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں منگل کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو 17 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 248 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں پیر کو 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔ صوبے میں کل ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 800 ہوگئی۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*