بنیادی صفحہ / اہم خبریں / چینی وزیراعظم کی عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد، دورہ چین کی دعوت

چینی وزیراعظم کی عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد، دورہ چین کی دعوت

عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور دورہ چین کی دعوت دی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی وزیراعظم نے عام انتخابات میں کامیابی اور نئی حکومت تشکیل دینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔

چینی وزیراعظم نے عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے گی۔

لی کیچیانگ نے وزیراعظم عمران خان کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ غربت کے خاتمے، انسداد بدعنوانی اور تعلیم اور صحت جیسے سماجی شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے چینی تجربات سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ ان شعبوں میں اصلاحات ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اور ان کی حکومت کے دوران بھی یہ ترجیح کا حامل رہے گا۔

عمران خان نے پاکستان کی ترقی میں چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر چین کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم کی طرف سے دورہ چین کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چین کے اپنے پہلے دورے کے بے تابی سے منتظر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ کو بھی پہلی فرصت میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*