سابق صدر آصف علی زرداری سے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں قائد ایوان کے انتخاب سے لاتعلق رہنے کے پیپلزپارٹی کے فیصلے پر بات چیت کی گئی۔
اس کے علاوہ ملاقات میں اپوزیشن اتحاد میں فاصلے کم کرنے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت کے الیکشن کے حوالے سے ابتدائی مشاورت بھی کی گئی۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ میں قائد ایوان کے انتخاب کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے لیے ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ایوان کی کارروائی میں شریک ہوں گے تاہم وہ وزارت عظمیٰ کے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔