گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد سے نئے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کے عہدے کا حلف لے لیا۔سیکرٹری آئی اینڈ سی پنجاب میڈم سارہ اسلم نے اس موقع پر چیئر مین پنجاب پبلک سروس کمیشن کا نوٹیفیکیشن پڑھ کر سنایا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں سیکرٹری سروسز پنجاب فرحان عزیز خواجہ، سیکرٹری آئی اینڈ سی پنجاب سارہ اسلم، سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب صائمہ سعید کے علاوہ ممبرز پنجاب پبلک سروس کمیشن اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں میں قابل اور موزوں افراد کی تعیناتی کو یقینی بنانا اور میرٹ کا بول بالا کرنا حکومت کا عزم ہے جس کے لئے کوئی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی بہتر کاکردگی اور گڈ گورننس صرف اسی صورت میں یقینی بنائی جاسکتی ہے جب ا ن میں کام کرنے والے افراد خالصتا اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر تعینات کئے جائیں۔ نئے تعینات ہونے والے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ وہ اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کی بھر پور کوشش کریں گے۔