بنیادی صفحہ / اہم خبریں / پرنس کریم آغا خان اسلام آباد پہنچ گئے

پرنس کریم آغا خان اسلام آباد پہنچ گئے

اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان حکومت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

یہ دورہ آغا خان کی امامت کے 60 سال مکمل ہونے پر منعقد کی جانے والی گولڈن جوبلی کی تقریبات کا حصہ ہے۔

اپنے دورے کے دوران وہ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس دورے کے دوران پرنس کریم آغا خان کو ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔

اسلام آباد پہنچنے پر وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ( سی اے ڈی ڈی) کے وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور میئر اسلام آباد شیخ انیس عزیز نے ایئرپورٹ پر پرنس آغا خان کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: پرامن برادری کو نشانہ بنانا ناقابل فہم، آغا خان

اس موقع پر وزیر خارجہ نے آغا خان کے مسلمانوں کے درمیان امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کی تعریف کی، ساتھ ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں معاشی لحاظ سے تباہ کن کمیونٹی کے درمیان سماجی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا۔

آغا خان نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ معاشی اور سماجی تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ آغا خان نے تمام لوگوں کے درمیان امن، انسانیت اور رواداری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ادب کے فروغ اور اسلامی فن کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک ( اے کے ڈی این ) کے بانی اور چیئرمین پرنس کریم آغا خان اسماعیلی برادری کے 49 ویں موروثی روحانی پیشوا ہیں، آغا خان 20 برس کی عمر میں 1957 میں اپنے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان کی جانب سے 49 ویں امام (روحانی پیشوا) مقرر کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ سر سلطان محمد شاہ آغا خان تحریک آزادی پاکستان کے اہم کردار تھے جبکہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی بھی تصور کیے جاتے تھے۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*