بنیادی صفحہ / اہم خبریں / پاکستانی ویمنز ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آٹھ رنز سے شکست

پاکستانی ویمنز ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آٹھ رنز سے شکست


شارجہ: آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

منگل کو شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات سوفی ڈیوائن کی سنچری تھی جنہوں نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان سوزی بیٹس 36 اور آمیلا کیر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے تین جبکہ سعدیہ یوسف اور جویریہ خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جویریہ خان اور ناہیدہ خان نے ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم بالترتیب 55 اور 51 رنز کی اننگز کھیلنے والی دونوں کھلاڑی انتہائی کوشش کے باوجود بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بسمعہ معروف 41، سدرہ امین 33 اور ارم جاوید 19 بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ آمیلا کیر نے مسلسل دو گیندوں پر پاکستان کی آخری دو وکٹیں گرا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

سوفی ڈیوائن کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*