بنیادی صفحہ / اہم خبریں / بھارتی فورسز نے ’کارروائی‘ کے دوران دو کشمیری نوجوان قتل کردیئے

بھارتی فورسز نے ’کارروائی‘ کے دوران دو کشمیری نوجوان قتل کردیئے


سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں ریاستی دہشت گردی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے دونوں نوجوانوں کو ضلع باندی پورہ میں ہاجن کے علاقے میر محلہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران قتل کیا۔

رپورٹ کے مطابق فوجی آپریشن سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ، 3 ‘عسکریت پسند’ ہلاک،35 کشمیری زخمی

بعد ازاں آپریشن میں دو کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف ہاجن کے علاقے میں کشمیریوں نے فوج اور ہندوستان کی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے مظاہرین کو طاقت کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا اور آخری اطلاعات کے مطابق علاقے کی صورت حال کشیدہ تھی۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر پولیس کے حکام کا کہنا تھا کہ باندی پورہ میں ایک جھڑپ کے دوران دو مبینہ عسکریت پسند اور ایک پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی کشمیری مظاہرین پر فائرنگ سے ایک ہلاک، 50 زخمی

بھارتی میڈیا نے تصدیق کی کہ واقعے کے بعد علاقے کے حالات کشیدہ ہیں اور بھارتی فورسز واقعے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کررہی ہے۔

آئی این پی نے بھارتی فورسز کے حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا کہ باندی پورہ کے میر محلہ میں کیا جانے والا آپریشن مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران کشمیری نوجوانوں نے بھارت مخالف مبینہ عسکریت پسندوں سے بےخوف یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ہندوستانی فورسز کی کارروائیوں پر پتھراؤ کرنے والے کشمیریوں کے خلاف بھارتی آرمی چیف کی جانب سے ‘سخت کارروائی’ کی دھمکی کے باوجود مقبوضہ وادی میں مظاہروں اور تصادم میں کوئی کمی سامنے نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے جبکہ بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں اب تک سیکڑوں سے زائد کشمیری جاں بحق اور ہزاروں معذور و زخمی ہو چکے ہیں۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*