بنیادی صفحہ / اہم خبریں / پاکستان خطے میں نہایت اہم ہے،امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ

پاکستان خطے میں نہایت اہم ہے،امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ


امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن مختصر دورے پر پاکستان پہنچے اور حکام سے ملاقات میں پاکستان کو خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے نہایت اہم قرار دے دیا۔

ریکس ٹلرسن نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہاں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ‘خطے میں امن واستحکام اور گہرے معاشی تعلقات کے مواقع پیدا کرنے کے ہمارے مشترکہ اہداف کےلیےنہایت اہم ہے’۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے نتائج حاصل کیے ہیں اور امریکا کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے اور بہترین تعلقات قائم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں’۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ‘امریکا یقین دہانی کرواسکتا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسٹریٹجک حصہ دار ہیں اور آج پاکستان دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے’۔

انھوں نے کہا کہ ‘ہم جن باتوں پر متفق ہیں ان کو سراہتے ہیں اور رابطوں پر تحسین پیش کرتے ہیں’۔

ریکس ٹلرسن، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی دعوت پر پاکستان کے دورے پہنچ گئے تھے۔

خیال رہے کہ امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کی بحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے، جیسا کہ 21 اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان حکمت عملی کے اعلان کے دوران پاکستان پر کی جانے والی تنقید کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک مرتبہ پھر انتہائی نچلی سطح پر چلے گئے تھے۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*