بنیادی صفحہ / اہم خبریں / آئی سی سی نمائندے کا کراچی میں سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

آئی سی سی نمائندے کا کراچی میں سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان


کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ رگ ڈکسن نے کراچی میں پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے میچز کے لیے سیکیورٹی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنی رپورٹ آ ئی سی سی کو پیش کریں گے۔

پاکستان کے دورے پر آئے آئی سی سی کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ رگ ڈکسن نے پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد آئی جی اور وزیراعلی سندھ سے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات میں آئی سی سی کے نمائندے کو کراچی میں میچز کے انعقاد کے موقع پر بہترین سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔

ریگ ڈیکاسن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے بھی ملاقات کی جس میں کراچی میں ماہ فروری میں منعقد کیے جانے والے پی ایس ایل میچز کے دوران بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی کی فراہمی جیسے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ عرصہ دراز کے بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی انتہائی خوش آئند ہے اور یہ نا صرف کراچی بلکہ سندھ کے عوام کی بھی دیرینہ خواہش تھی جس سے بلاشبہ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد کی واپسی یقینی ہو جائے گی۔

انہوں نے نمائندہ آئی سی سی کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے کی عوام اور سندھ پولیس وقانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے اپنی میزبانی اور مشترکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات سے یہ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کی واپسی باالکل درست فیصلہ ہے کیونکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے عوام کی بھی ایک کثیرتعداد کرکٹ کے شوقین ہیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے اس موقع پر کرکٹ میچز کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات پر خصوصی حوالوں سے بریفنگ دی جس میں کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کا پروٹوکول، اطراف کی سیکیورٹی، ایئرپورٹ سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، منتخب کردہ محفوظ روٹس کے مقامات پر سیکیورٹی، اسٹیڈیم کے اطراف میں حصار سیکیورٹی،ٹریفک /پارکنگ پلان وغیرہ سمیت خصوصی ایس او پیز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ قابل ذکر تھے۔

تعارف: admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*